حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد غازی امام بادشاہ جنڈ، ضلع اٹک میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین سید امجد نقوی نے کہا: ایامِ فاطمیہ کو محض تاریخی واقعات کے بیان اور اظہارِ غم تک محدود رکھنے کے بجائے تزکیۂ نفس، اصلاحِ اخلاق اور کردار سازی کا ذریعہ بنانا چاہیے۔ عزاداریِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم صرف آنکھوں کو اشک بار نہ کریں بلکہ اپنے دلوں اور کردار کو بھی سیرتِ فاطمی(س) کے رنگ میں ڈھالیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا: اللہ تعالیٰ مظلوموں کا سہارا، کمزوروں کا حامی، حق کا محافظ اور ظالموں کو مغلوب کرنے والا ہے۔ اس کی تدبیر کے مقابلے میں کسی ظالم کی تدبیر کامیاب نہیں ہو سکتی، وہ ظلمتوں کو چھانٹ کر نورِ حق کو ظاہر کرتا اور باطل کے غرور کو خاک میں ملا دیتا ہے۔
حجت الاسلام سید امجد نقوی نے ایامِ فاطمیہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ زندگی ہمارے لیے عبادت، ایثار، سادگی، سخاوت، صبر اور اخلاص کا بہترین نمونہ ہے۔ ان ایام میں ہمیں اپنے باطن کا محاسبہ کرنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ کہیں ہمارے اندر حسد، تکبر، حرص، بخل اور ریاکاری جیسی اخلاقی بیماریاں تو موجود نہیں۔
انہوں نے کہا: حسد انسان کو دوسروں کی نعمتوں سے پریشان کرتا ہے، تکبر اسے دوسروں سے برتر سمجھنے پر آمادہ کرتا ہے، حرص دنیا کی خواہشات کو بڑھاتی ہے، بخل اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کو دوسروں پر خرچ کرنے سے روکتا ہے جبکہ ریاکاری نیکی کے اخلاص کو متاثر کرتی ہے۔ سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہمیں ان تمام اخلاقی برائیوں سے نجات حاصل کرنے اور اپنے باطن کو پاکیزہ بنانے کا درس دیتی ہے۔
خطیب جمعہ نے مزید کہا: ایامِ فاطمیہ کا حقیقی پیغام یہ ہے کہ ہم حسد کی جگہ خیرخواہی، تکبر کی جگہ عاجزی، حرص کی جگہ قناعت، بخل کی جگہ سخاوت اور ریاکاری کی جگہ اخلاص کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
انہوں نے کہا: اگر مجالسِ فاطمیہ میں شرکت کے بعد ہمارے اخلاق و کردار میں تبدیلی پیدا نہیں ہوتی، ہمارے دل نرم نہیں ہوتے اور ہماری زندگی میں سیرتِ فاطمی (س) کی جھلک دکھائی نہیں دیتی تو ہمیں اپنے مقصدِ عزاداری کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
حجت الاسلام سید امجد نقوی نے کہا: عزاداریِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا صرف آنکھوں سے آنسو بہانے کا نام نہیں بلکہ دلوں کی اصلاح، تزکیۂ نفس اور عملی کردار کی تعمیر کا بھی تقاضا کرتی ہے۔










آپ کا تبصرہ